حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیر/ مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر اظہارِ تعزیت اور ایصالِ ثواب کے لیے محلہ سادات احمد پورہ، کشمیر میں مجلسِ ترحیم منعقد ہوئی، جس سے مسجد حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے امام جماعت مولانا سید تنویر حسین الموسوی نے خطاب کیا۔
مولانا سید تنویر حسین الموسوی نے اپنے خطاب میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی، دینی، تدریسی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پوری زندگی عبادت، تقویٰ، علم و معرفت اور خدمتِ مکتبِ اہل بیت علیہم السلام سے عبارت تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی تقریباً 95 سالہ زندگی خداوند متعال کی عبادت و بندگی میں گزاری اور طویل عرصے تک باوضو رہنے کا اہتمام فرمایا، جو آپ کے تقویٰ اور روحانی مقام کی نمایاں مثال ہے۔
انہوں نے آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی ایک اہم دینی خدمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں آپ کا ایک نمایاں کارنامہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت اور ایامِ فاطمیہ کے پیغام کو دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچانا ہے۔ آپ ہر سال ایامِ شہادت کے موقع پر اپنے دولت خانے سے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا تک پیادہ روی کرتے، اس دوران گریہ و نوحہ فرماتے اور بڑی تعداد میں عقیدت مند بھی آپ کے ہمراہ شریک ہوتے تھے۔
مولانا نے مزید کہا کہ ایسے عظیم فقہا اور علمائے ربانی کا فقدان ملتِ تشیع کے لیے ناقابلِ تلافی علمی و دینی خسارہ ہے۔ آیت اللہ وحید خراسانیؒ نے علومِ آلِ محمد علیہم السلام کی ترویج، مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کے فروغ اور دینی شعائر کے احیاء کے لیے جو خدمات انجام دیں، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اپنے خطاب کے دوران مولانا سید تنویر حسین الموسوی نے مقامی باشندگان سے مساجد کو نماز گزاروں سے آباد رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسجد امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا مرکز ہے۔ لہٰذا اہلِ ایمان کو چاہیے کہ مساجد سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں اور نمازِ جماعت و دینی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں۔
مجلس کے اختتام پر بارگاہِ خداوند متعال میں دعا کی گئی کہ وہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کو جوارِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی دینی و علمی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، حوزاتِ علمیہ، پسماندگان اور تمام مومنین کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔











آپ کا تبصرہ